سنہری مچھلی نے کار چلا کر عالمی ریکارڈ بنا دیا
ایمسٹرڈیم: (ویب ڈیسک) نیدرلینڈز کے انجینئر تھامس ڈی وولف نے اپنی پالتو سنہری مچھلی بلب کے لیے ایک خاص کار تیار کرلی، جسے مچھلی نے ایک منٹ میں 40 فٹ سے زیادہ فاصلے تک چلا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ کار چار پہیوں پر مشتمل ہے اور اس میں پانی کا ٹینک ڈرائیور سیٹ کے طور پر نصب ہے۔ مچھلی کی حرکات کو سینسرز کے ذریعے پڑھ کر گاڑی کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے تھامس نے کہا کہ اگرچہ مچھلی کی ڈرائیونگ عملی طور پر کارآمد نہیں، لیکن یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں معذور افراد کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
ریکارڈ کے مطابق بلب نے ایک منٹ میں 40 فٹ اور 3.46 انچ کا فاصلہ طے کیا، جو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہو گیا۔