کراچی: ایک گھنٹے کے دوران تین ٹریفک حادثات میں 3 افراد جان سے چلے گئے
کراچی: (دنیا نیوز) شہرقائد کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے کے دوران تین ٹریفک حادثات رونما ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کورنگی سنگر چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے راہگیر خاتون جاں بحق، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی، واقعہ کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، فرار ہونے والے ٹینکر ڈرائیور کو رینجرز نے گرفتار کر لیا۔
ڈرائیور کی شناخت فقیر محمد کے نام سے ہوئی، ڈرائیور کو عوام نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
واقعے میں جاں بحق خاتون کی شناخت زبیدہ خانم زوجہ محمد حسین اور زخمی کی کونین دختر محمد حسین کے نام سے ہوئی، جاں بحق اور زخمی خاتون ماں بیٹی ہیں۔
دوسرا واقعہ شاہراہ فیصل عوامی مرکز کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، جاں بحق شخص کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں عبدالحکیم اور واجد شامل ہیں۔
تیسرا واقعہ بلدیہ 04 نمبر کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت 75 سالہ عمر رضا کے نام سے ہوئی، نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔