وارسک فرنٹیئر کور سینٹر (نارتھ) میں بنیادی فوجی تربیت کے 36 ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

پشاور: (دنیا نیوز) وارسک فرنٹیئر کور سینٹر (نارتھ) میں بنیادی فوجی تربیت کے 36 ویں کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس نے پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔

کورس میں مجموعی طور پر 1350 ریکروٹس نے کامیابی کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کی، جن میں سے 500 جوانوں نے اسپیشل آپریشنز فورس میں شمولیت اختیار کی۔

تقریب کے دوران فرنٹیئر کور کے 29 چاق و چوبند جوانوں نے 15 منٹ تک تھری نا تھری رائفل کے ساتھ انتہائی اعلیٰ مہارت اور شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔

انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، آئی جی ایف سی (نارتھ) نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس کو شیلڈز اور اعزازی شمشیر سے نوازا۔

ریکروٹ جمیل الدین نے تمام شعبوں میں مجموعی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور اعزازی شمشیر اپنے نام کی۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی اس پروقار تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، ریکروٹس کے اہل خانہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایف سی نارتھ بلوچستان میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے اپنا کردار پوری ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کرتی رہے گی اور اس حوالے سے فورس کا عزم غیر متزلزل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں