ایم ٹیگ کیس، طلبی کو ریلیف دینے اور ہراساں نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس نے انتظامیہ کو ایم ٹیگ کیس میں طلباء کو ریلیف دینے اور ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی۔

ایم ٹیگ معاملے پر طلباء کو رعایت دی جائے اور ان کو ہراساں نہ کیا جائے، جب ہم سٹوڈنٹ تھے تو طلباء کے لیے ریلیف اور رعایت ہوا کرتی تھی۔

سٹیٹ کونسل عبد الرحمن انتظامیہ جبکہ ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ پولیس کی جانب سے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے سٹیٹ کونسل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عبد الرحمن صاحب یہ کیوں لگا رہے ہیں ایم ٹیگ جس پر سٹیٹ کونسل نے جواب دیتے ہوئے کہا مائی لارڈ کچہری دھماکے کے بعد سیکیورٹی کا مسئلہ تھا، کچہری دھماکے میں 12 افراد شہید جبکہ 36 زخمی ہوئے تھے، اس واقعے میں موٹر سائیکل استعمال ہوا تھا ۔

مزید بتایا گیا کہ اس واقعے کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کو فول پروف بنانا مقصد تھا، اس لیے پھر انتظامیہ نے پالیسی بنائی کہ اسلام آباد میں داخلے کے وقت ایم ٹیگ ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جواب دیا کہ یہ درست بات ہے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے اس میں کچھ مشکلات بھی آتی ہیں ، مگر آپ طلباء کو ریلیف دیں رعایت دیں اور انہیں حراساں نہ کریں۔

عدالت نے سٹیٹ کونسل کو انتظامیہ کا جواب بھی جمع کروانے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے کیس کی سماعت6 اپریل تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں