سعودی ولی عہد کا اماراتی صدر سے رابطہ، خطے میں فوجی کشیدگی کے خاتمے پر زور

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے میں فوجی کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا گیا۔

اماراتی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت، بڑھتی عسکری کارروائیوں اور ان کے علاقائی و عالمی سلامتی و استحکام پر اثرات پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس ٹیلیفونک رابطے میں خطے کے ممالک کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کا بھی ذکر ہوا، اور انہیں متعلقہ ریاستوں کے خودمختار حقوق اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا، دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال کو نہایت سنجیدہ قرار دیتے ہوئے اس کے وسیع تر سکیورٹی اثرات پر غور کیا۔

سعودی اور اماراتی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی کشیدگی کا فوری خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے وسیع تر امن و استحکام کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، اس مؤقف کا بھی اعادہ کیا گیا کہ خطے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ مذاکرات، سفارتی ذرائع، اور ذمہ دارانہ سیاسی رابطہ کاری کو ترجیح دی جانی چاہئے۔

یہ ٹیلیفونک رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال غیر معمولی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یو اے ای اور سعودی عرب کے درمیان اس نوعیت کا براہِ راست اعلیٰ سطح پر رابطہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک بحران کے دوران رابطہ، ہم آہنگی، اور علاقائی استحکام کے لیے سفارتی راستے کو اہمیت دے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں