اماراتی حکومت کی جانب سے گولڈن ویزا ہولڈرز کی واپسی میں سہولت فراہم
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود)متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے قومی ہنگامی و بحران مینجمنٹ ادارے کے ساتھ مل کر تقریباً 500 گولڈن ویزا ہولڈرز سمیت 5 ہزار سے زاہد اماراتی اور دیگر رہائشیوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا عمل جاری رکھا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد بیرونِ ممالک یا متاثرہ علاقوں سے واپس آنے والے افراد کی سلامتی اور فلاح کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق فضائی اور زمینی دونوں راستوں کے ذریعے واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ رہائشیوں کو بروقت اور محفوظ سہولت فراہم ہو سکے۔ متعلقہ ادارے واپسی کے عمل کو مربوط انداز میں انجام دے رہے ہیں اور مسافروں کو ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ اقدامات ہنگامی صورتحال کے دوران رہائشیوں کی مدد کے لیے جاری حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کے تحت حکام مختلف اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر واپسی کے عمل کو آسان بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یو اے ای کی جانب سے رہائشیوں اور گولڈن ویزا ہولڈرز کی فلاح اور تحفظ کو ترجیح دینے کو ریاست کی انسانی اور انتظامی ذمہ داری کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ بھی ضرورت کے مطابق ایسے اقدامات جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔