27 ویں شب: ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات، پاکستان کیلئے دعائیں

لاہور: (دنیا نیوز) ہزار مہینوں سے افضل، قدر و منزلت اور خیرو برکت والی رات ستائیسویں شب پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل نعت کا اہتمام کیا گیا۔

بخشش و مغفرت والی رات میں امت مسلمہ، عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، فرزندان اسلام اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز رہے، نوافل کی ادائیگی اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہے۔

واضح رہے کہ لیلة القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ طاق راتوں کی تعداد 5 ہے جن میں سے کوئی بھی رات لیلة القدر ہوسکتی ہے اور اس شب کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

لیلة القدر میں عبادت کا ثواب ہزار راتوں سے بہتر ہوتا ہے، اس رات فرزندان اسلام رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے ہیں۔

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کے ذوق و شوق کو بام کمال تک پہنچانے کے لئے لیلتہ القدر کو مخفی رکھا گیا، اگرچہ یہ رات عوام الناس کی نظروں سے پوشیدہ ہے تاہم خواص اس رات سے آگاہ ہوجاتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں