نیشنل ٹی20 کپ، سیالکوٹ اور ایپٹ آباد نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا
پشاور: (دنیا نیوز) اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دسویں روز ایبٹ آباد اور سیالکوٹ کی کامیابی، دونوں ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پہلے میچ میں ایبٹ آباد نے لاہور بلوز کو یک طرفہ مقابلے میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور بلوز کی ٹیم 14 اعشاریہ تین اوورز میں 86 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں
ایبٹ آباد کی جانب سے پلیئر آف دی میچ شاداب خان نے تین اوورز میں 10 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شہاب خان اور ارشد اقبال کی دو دو وکٹیں لیں۔
جواب میں ایبٹ آباد نے 87 رنز کا ہدف آٹھ اعشاریہ دو اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کامران غلام نے 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور چار چھکے لگا کر ناقابل شکست 46 رنز بنائے جبکہ اوپننگ بلے باز شاہ زیب خان نے 19 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔
ایبٹ آباد کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں لاہور وائٹس سے ہوگا، میچ منگل کو رات ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔
دوسرے میچ میں سیالکوٹ نے سنسنی خیز مقابلے میں ملتان ریجن کو سات وکٹوں سے مات دی۔
ملتان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 163 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ملتان کے کپتان امام الحق 51 گیندوں پر 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بسم اللہ خان نے 12 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ملتان کے ٹوٹل میں 23 رنز کا اضافہ کیا ۔
سیالکوٹ کی جانب سے صفیان مقیم کی چار اوورز میں 37 رنز دے کر تین وکٹیں، اسامہ میر اور شعیب اختر جونیئر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خواجہ ارحم (32 رنز) اور مرزا طاہر بیگ (29 رنز) نے نو اوورز میں اپنی ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیے، دونوں اوپننگ بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق اور پلیئر آف دی میچ حسن نواز نے 37 رنز کی محتاط شراکت قائم کی۔
عبداللہ شفیق کے سولویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد سیالکوٹ کو 25 گیندوں پر 64 رنز درکار تھے۔
اس موقع پر حسن نواز کی دھواں دھار بیٹنگ نے میلہ لوٹ لیا، انہوں نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور چھ چھکے لگا کر ناقابل شکست 80 رنز بنائے۔
حسن نواز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سیالکوٹ کو آخری اوور میں 13 رنز درکار تھے جو کہ انہوں نے پانچویں گیند پر مکمل کر لیے، سیالکوٹ کا پہلے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس سے سامنا ہوگا، میچ کا آغاز شام چار بجے ہوگا۔