این ڈی ایم اے کا عید الفطر پر ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور شمالی علاقہ جات میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، آزاد کشمیر میں اگلے کل  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اِسی طرح مظفرآباد، وادی نیلم، راولاکوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبراور میر پور کے علاقو ں میں بارش ہوسکتی ہے اور گلگت بلتستان میں  بارش اور بالائی علاقو ں میں جن میں سکردو، ہنزہ، استور، غزر، دیامیر،گھانچے اورشگر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ناروال، حافظ آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، منڈی بہاؤلدین، چکوال، جہلم، اٹک، مری، بھکر، خوشاب اور میانوالی سمیت مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ میں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ایٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور چترال کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہیں، حیدرآباد، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین،گوٹکی، سکھر،روہڑی ،خیرپور، میرپور خاص، مٹھی، عمرکوٹ، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ، بگٹی، خضدار، آواران، تربت اور گوادر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم نے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی اور جھکڑ کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ہے، ضروری حفاظتی تدابیر اپنائیں، تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

حکام کا کہنا تھا کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

علاوہ ازیں این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر تمام صورتِ حال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں تک پیشگی آگاہی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی اور راہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں