وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔
وفاقی دارالحکومت میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دل کی گہرائیوں سےسب کوعیدالفطرکی مبارکباد پیش کرتا ہوں،عید کی خوشیوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹنا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ آج دنیا غیرمعمولی آزمائش سے دو چار ہے، خطے میں جاری جنگ نےعالمی معیشت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اس وقت عالمی منڈی میں خلیجی تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال یونہی بگڑتی رہی تو پھر مزید اضافے کو رد نہیں کیا جاسکتا، حالیہ قیمتوں کے بڑھنے سے عوام پر بہت بوجھ پڑا، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھے پٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور 74 روپے اضافے کی تجویز دی گئی، میں نے تجویز کی سمری کو مسترد کر دیا اور کا تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان حال ہیں، وفاقی حکومت اضافی اخراجات کو برداشت کرے گی جس سے 45 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اشرافیہ بھی اس کارخیرمیں اپنا بھرپورکردارادا کرے، دعا ہے خطے میں جاری جنگ کا پرامن حل نکلے۔