سکھر میں فائرنگ کرکے 4 بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، ایک زخمی

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر کے کندھرا تھانے کی حدود میں فائرنگ کرکے چار بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ایک زخمی بھی ہوا۔

ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے چار بھائیوں کو قتل کیا، واقعہ کندھرا شہر کے انور پور محلے میں پیش آیا، ملزم اور مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں، واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، امدادی ٹیموں کی مدد سے جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی بھائی کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ فرار ہونے والے ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی سکھر سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی، واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی حکم دے دیا۔

آئی جی سندھ نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے شہر کے داخلی وخارجی راستوں پرناکہ بندی کرکے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے حکم دیا کہ واقعۃ کی ہر پہلو سے جامع اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔

جاوید عالم اوڈھو  نے مزید حکم دیا کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی اور سکیورٹی تعاون فراہم کیا جائے، عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر علاقے میں گشت اور انٹیلیجنس اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں