شہباز شریف کا مصری صدر، بنگلہ دیشی اور لبنانی ہم منصبوں سے رابطہ، عید کی مبارکباد دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش اور لبنان کے وزرائے اعظم اور مصری صدر سے رابطہ کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا اورانہیں عید الفطر کی مبارکباد دی، خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعظم طارق رحمن اور بنگلہ دیش کے برادر عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، جنوبی ایشیا میں ہونے والی علاقائی پیش رفت کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کشیدگی و تنازعات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے اقدامات پر زور دیا۔

وزیر اعظم طارق رحمن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی عید الفطر کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر لبنان کے وزیراعظم نواف سلام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

وزیراعظم نے ان مشکل حالات میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لبنان کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا، پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد دی، صدر السیسی نے بھیوزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں اور عید کی مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں مصر کے تعمیری سفارتی کردار کو سراہا، خصوصاً مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے اس کی نمایاں کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں