ملک بھر میں عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات، ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں
لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جاری رہی ہے۔
لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید ادا کی گئی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے اہل وطن کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں
عیدالفطر کے موقع پر شہری نئے کپڑے پہن کر، خوشبو لگا کر اور سنت کے مطابق میٹھی اشیاء کھا کر نماز کے لئے گئے، نماز کے بعد ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں گزشتہ روز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی اور روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی تھی، انہوں نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔