سر پر بال لگانے کیلئے مجھے رقم کی پیشکش کی گئی لیکن! انوپم کھیر کا انوکھا انکشاف
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر نےانکشاف کیا ہے کہ سر پر بال لگانے کیلئے مجھے رقم کی پیشکش کی گئی لیکن میں نے انکار کردیا۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ سر پر بال لگانے والی کمپنیوں نے انہیں بالوں کی پیوندکاری (ہیئر ٹرانسپلانٹ) کے لیے رقم کی پیشکش کی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہر ہیئر ویونگ کمپنی یا ڈاکٹر کا خواب ہوں اور بہت سے لوگ مجھے پیسے دینے کے لیے تیار ہیں کہ میں ایک بار ان سے بال لگوا لوں، لیکن میں نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ چاہے مجھے کتنے ہی پیسوں کی ضرورت کیوں نہ پڑ جائے، میں یہ پیسے نہیں لوں گا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ پھر میں وہ انسان نہیں رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جب میرا بیٹا سکندر بہت چھوٹا تھا تو میں اخبار پڑھ رہا تھا، مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس میں ہیئر آئل کا اشتہار ہے۔ سکندر کو لگا میں اشتہار دیکھ رہا ہوں، تو اس نے کہا کہ ڈیڈ، اس بارے میں سوچنا بھی مت، میں خوش قسمت ہوں میرے خاندان میں حس مزاح ہے، جو بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا دوست سمجھتے اور انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ انہیں سر یا انکل نہ کہیں بلکہ اے کے یا انوپم جی کہیں۔