افغان میڈیا نے طالبان حکومت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا
کابل: (دنیا نیوز) جلا وطن افغان صحافیوں کے مرتب کردہ سرکاری بیانات اور اعداد و شمار کے مطابق افغانستان کے بیشتر حصوں میں جسمانی سزاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
افغانستان کی طالبان رجیم نے مارچ 2025 سے مارچ 2026 کے دوران کم از کم ایک ہزار 186 افراد کو کوڑے مارے اور قصاص کے تحت 6 لوگوں کو سرعام سزائے موت بھی دی گئی۔
یہ سزائیں کابل، ہرات، بلخ، قندھار، ننگرہار، خوست، بدخشاں، پکتیا، پکتیکا اور فاریاب سمیت درجنوں صوبوں میں دی گئیں۔
طالبان عدالتوں کے بیانات کے مطابق گزشتہ سال کے آخری مہینوں میں جسمانی سزاؤں میں اضافہ ہوا، جن میں تقریباً 100 خواتین کو کوڑے مارے گئے، ان میں سے کئی سزائیں عوامی مقامات پر دی گئیں۔
انسانی حقوق ایکٹیوسٹس کا کہنا ہے کہ جسمانی سزاؤں میں اضافہ منصفانہ قانونی عمل اور بنیادی آزادیوں کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیتا ہے اور یہ سزائیں معاشرے میں خوف کی فضا پیدا کرتی ہیں۔