یورپ میں مئی سے جیٹ فیول کی قلت کا خدشہ، فضائی ٹکٹ مزید مہنگے ہونے کا امکان
برسلز: (دنیا نیوز) یورپ میں مئی سے جیٹ فیول کی قلت کا خدشہ پیدا ہونے پر فضائی ٹکٹ مزید مہنگے ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔
یورپی ایئر لائنز کے مالکان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ جاری رہی تو مئی سے یورپ میں جیٹ فیول کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، جنگ کے اثرات کے باعث مئی اور جون میں 25 فیصد فیول سپلائی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تنازع مزید جاری رہا تو اپریل، مئی اور جون میں فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ بھی ہو سکتا ہے، اگرچہ فی الحال فیول کی قیمتیں محفوظ ہیں۔
دوسری جانب ایک سرکاری ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ایسٹر کے دوران بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے فی الحال کوئی خدشہ نہیں اور فیول کی قلت متوقع نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکام اور فیول انڈسٹری آئندہ چھ ہفتوں کی سپلائی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں۔