امریکی صدر کی ایران سے متعلق پالیسی اور بیانات متضاد قرار
واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران سے متعلق پالیسی اور بیانات کو متضاد قرار دیا جا رہا ہے۔
سینئر دفاعی تجزیہ کار اور واشنگٹن ٹائمز سے وابستہ مصنف ٹم کانسٹین ٹائن نے عرب ٹی وی سے گفتگو میں کہا صدر ٹرمپ ایک طرف ایران کے ساتھ سفارتکاری کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہیں لیکن کچھ ہی دیر بعد سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے تباہ کن نتائج کی دھمکی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ شاید اسے دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی سمجھتے ہیں تاہم ایران کیلئے اس کا الٹا اثر ہو سکتا ہے اور وہ مزید سخت رویہ اختیار کر سکتا ہے۔
ٹم کانسٹین ٹائن نے صدر ٹرمپ کی آج کی سوشل میڈیا پوسٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں استعمال کی گئی غیر مہذب زبان صدارتی منصب کے شایان شان نہیں۔