فیصل آباد میں شدید بارشیں، ژالہ باری، گندم کی زیر کاشت فصل شدید متاثر ہونے کا خدشہ
فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی زیر کاشت فصل کی پیداوار شدید متاثر ہونے کے خدشات منڈلانے لگے۔
فیصل آباد ڈویژن بھر میں رواں برس 18 لاکھ 57 ہزار ریکڑ سے زائد رقبے پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے، ماہرین ذراعت کے مطابق مارچ کے مہینے میں ہونے والی بارشوں نے گندم کی فصل کو خوب فائدہ پہنچایا لیکن رواں دنوں میں ہونے والی بارشوں اور ژالہ باری نے گندم کی فصل کو خاصا نقصان پہنچایا ہے۔
سال بھر فصل پرمحنت کرنے کے بعد پھل حاصل کرنے کا وقت آیا تو موسم کی بدلتی صورتحال نے کاشتکاروں کو پریشان کردیا۔
ماہرین زراعت کہتے ہیں کہ مزید بارشوں کی صورت میں گندم کی فصل میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور فصل کی کٹائی کیلئے اسکے مکمل خشک ہونے کا انتظار کیا جائے۔
ماہرین کے مطابق بارشوں اور ہواوّں کی وجہ سے زمین پر لیٹی ہوئی فصل کی ہاتھ سے کٹائی کرنے کو ترجیح دی جائے جس سے ناصرف فصل کا دانہ ضائع ہونے سے محفوظ رہے گا بلکہ پیداوار بھی بہتر ہوگی۔