اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، اسلام آباد مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے سعودی ہم منصب کو اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ جنگ بندی کے حوالے سے کیے گئے اپنے وعدوں پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔

اسحاق ڈار نے مذاکرات کی سہولتکاری میں پاکستان کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے تمام سفارتی کوششوں اور بات چیت کے عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں