عالمی جسٹس سسٹم ناکام ہو چکا، بحران کا حل سفارت کاری میں ہے: ترک صدر
انطالیہ: (دنیا نیوز) ترک صدرطیب اردوان نے کہا ہے کہ عالمی جسٹس سسٹم ناکام ہو چکا، بحران کا حل سفارت کاری میں ہے۔
ترکیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کےافتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردوان کا کہنا تھا کہ خطےمیں امن کےلیےکوششیں جاری رکھیں گے، جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نےغزہ پر حملےجاری رکھے ہوئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم پر انسانیت کےمستقبل پر بات ہوتی ہے، انٹرنیشنل جسٹس سسٹم ناکام ہو چکا ہے، غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔
ترک صدر کا شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اُن کی کوششوں سے خطے میں جنگ رک گئی، اِس جنگ بندی کو امن کےایک موقع کےطور پر دیکھنا چاہیے، ترکیہ خطےمیں امن کے لیے کردارادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
طیب اردوان نے کہا کہ کسی بھی مسئلےکا حل بندوق نہیں سفارت کاری ہے، کچھ بھی ہوجائے ہتھیاروں کےاستعمال کی اجازت نہیں دے سکتے، موجودہ عالمی بحران حل کرنے کے لیے سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں طاقت کا توازن بدل رہا ہے، خلیجی ممالک کی کھلے سمندروں تک رسائی محدود نہیں ہونی چاہیے۔