اگلے 24 گھنٹے کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے، این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کیا، اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

الرٹ کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان منگورہ، بٹگرام ہری پور، پشاوراور مانسہرہ میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، کے استور، دیامر،خرمنگ، شگر، غزر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولا کوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان، کوہلو میں آندھی اور تیز ہواؤں کیساتھ بارش متوقع ہے۔

الرٹ کے مطابق ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، مسافر احتیاط کریں، پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں، تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں، عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”سے بروقت معلومات حاصل کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں