کھل نائیک واپس آ رہا ہے، سنجے دت نے اعلان کر دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور بالی وڈ فلم ’کھل نائیک‘ کی کامیابی کی 3 دہائیوں بعد اداکار سنجے دت نے اپنے مشہور کردار ’بلو‘ کی واپسی کا اعلان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکار سنجے دت نے ایک بیان میں بتایا کہ نیا پراجیکٹ اصل فلم کی وراثت کو ایک نئے اور جدید انداز میں پیش کرے گا۔

سنجے دت نے انسٹاگرام پر اپنی پہلی جھلک شیئر کی جس میں وہ سخت اور پُرجوش انداز میں نظر آ رہے ہیں، انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہر کہانی کا ایک وقت ہوتا ہے اور اس کا وقت آ گیا ہے، کھل نائیک ریٹرنز۔

اداکار نے بتایا کہ ’یہ خیال انہیں جیل کے دنوں میں آیا، جب انہوں نے ساتھی قیدیوں سے پوچھا کہ کیا وہ یہ کہانی دوبارہ دیکھنا چاہیں گے؟ تقریباً 4 ہزار قیدیوں نے مثبت جواب دیا اور اپنی رائے تحریری طور پر دی۔

بعدازاں سنجے دت نے یہ آئیڈیا فلم کے اصل ڈائریکٹر سبھاش گھئی سے شیئر کیا، جنہوں نے اسے اداکار کی ’اندرونی خواہش اور جذبے‘ کا عکس قرار دیا اور کہا کہ ’کھل نائیک‘ تفریحی دنیا کا لیجنڈ ہے۔

خیال رہے کہ 1993ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں سنجے دت کے ساتھ جیکی شروف اور مادھوری ڈکشٹ نے بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے، یہ فلم 1990ء کی دہائی کی سب سے اثر انگیز فلموں میں شمار ہوتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں