کے پی اسمبلی میں وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے حق میں قرارداد منظور

پشاور: (دنیا نیوز) کے پی اسمبلی نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قرارداد ن لیگ کی آمنہ سردار نے پیش کی، جس کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے شروع کی گئی کفایت شعاری مہم ایک مثبت اور بروقت اقدام ہے۔

متن کے مطابق کفایت شعاری کو حکومتی اقدامات کی بجائے قومی رویہ اور اجتماعی ذمہ داری کے طور پر اپنایا جائے۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ سرکاری اداروں میں توانائی اور وسائل کے موثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

متن کے مطابق غیر ضروری سرکاری اخراجات اور مراعات میں بتدریج کمی کی جائے، تعلیمی اداروں میں کفایت شعاری کو نصاب کے طور پر پڑھایا جائے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ شادی میں ون ڈش کی پالیسی نافذ کی جائے، شادی ہالز کو دس بجے جبکہ شاپنگ مالز کو 9 بجے بند کیا جائے۔

متن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی غیر ضروری تعداد میں کمی کی جائے، ایوان نے رائے شماری کے دوران قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں