معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب

لاہور: (دنیا نیوز) معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں قومی ہیروز، سیاستدانوں، طلبا، مذہبی رہنماؤں اور اقلیتی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، شرکا نے واہگہ بارڈر پر ہونے والی پریڈ میں خصوصی دلچسپی لی اور افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ’پاک فوج زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے، شرکا نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور معرکہ حق کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

تقریب میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ دشمن کو جس طرح معرکہ حق میں سبق سکھایا گیا، آئندہ بھی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وہ اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

شہریوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آپریشن ’ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘ میں افواجِ پاکستان کے بھرپور جواب نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔

معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر شہریوں کے جوش و خروش نے اس عزم کو ایک بار پھر اجاگر کیاکہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں