صدر ٹرمپ جنگ کی دلدل میں پھنس چکے: ڈیموکریٹ رکن کانگریس جان گارامینڈی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیموکریٹ رکن کانگریس جان گارامینڈی نے ایران جنگ کی سٹریٹجک سمت پر سوالات اٹھا دیئے۔
ڈیموکریٹ رکن کانگریس جان گارامینڈی نے کہا کہ صدر ٹرمپ جنگ کی دلدل میں پھنس چکے ہیں، یہ جنگ امریکا کیلئے سنگین خود ساختہ نقصان ہے، جنگ میں تیرہ امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔
جان گارامینڈی نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو مخاطب کرکے الزام عائد کیا کہ آپ اور صدر جنگ کے پہلے دن سے امریکی عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں، جنگی حکمت عملی ناکام ہوگئی کیونکہ ایرانی حکومت قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا میزائل اور ڈرون نظام موجود ہے، ایران کا چین، روس اور شمالی کوریا کے ساتھ تعاون مزید مضبوط ہوا ہے، ہیگسیتھ نے گارامینڈی کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور اس دعوے کو مسترد کیا کہ صدر ٹرمپ کسی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا اس طرح کے بیانات امریکا کے دشمنوں کیلئے پراپیگنڈے کا سامان فراہم کرتے ہیں۔