کیمبرج کا بڑا اقدام، میتھ کا لیک شدہ پرچہ منسوخ، دوبارہ امتحان 9 جون کو ہوگا
کراچی: (دنیا نیوز) کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول میتھ کے پیپر لیک ہونے کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے میتھ 9709/12 کا امتحانی پرچہ منسوخ کردیا۔
کیمبرج کے مطابق لیک ہونے والا پیپر نتائج کے لیے استعمال نہیں ہوگا جبکہ متاثرہ طلبہ کے لیے ری پلیسمنٹ امتحان 9 جون 2026 کو لیا جائے گا۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے تمام امیدوار دوبارہ امتحان دیں گے اور اس سلسلے میں طلبہ یا اسکولوں سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
کیمبرج کا کہنا ہے کہ 11 اگست 2026 کو نتائج جاری کرنے کی تاریخ برقرار رہے گی جبکہ اسکولوں کو 15 مئی تک مزید تفصیلات فراہم کردی جائیں گی۔
ادارے نے پیپر لیک واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کیمبرج نے خبردار کیا کہ امتحانی مواد شیئر کرنے والوں پر مستقل پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر جعلی پیپر فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے امتحانی نظام کی شفافیت اور منصفانہ نتائج کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی توجہ باقی امتحانات پر مرکوز رکھیں۔