اسرائیل نے ابراہم معاہدے کے تحت امارات کو آئرن ڈوم فراہم کیا: مائیک ہکابی
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کو آئرن ڈوم کی بیٹریاں اور انہیں چلانے کے لیے فوجی فراہم کیے۔
امریکی سفیر کے مطابق یہ تعاون اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے ابراہم معاہدے کی بنیاد پر کیا گیا۔
مائیک ہکابی کا کہنا تھا کہ ہم سب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس وقت جنگ بندی جیسی صورتحال موجود ہے، تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ کشیدگی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ دوبارہ کسی بڑی فوجی کارروائی کا امکان موجود ہے یا نہیں، تاہم امید ہے کہ مستقبل میں مزید ممالک ابراہم معاہدے میں شامل ہوں گے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ خلیجی ممالک اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ انہیں ایران سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ ان کے بقول جنگ کے دوران ایران نے خلیجی ممالک کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیل نے ان کی مدد کی۔