ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلابی صورتحال پرالرٹ جاری
اسلام آباد :(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا 12سے17 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کی تفصیلات جاری کر دیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے جو ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ این ای او سی نے کہا ہے کہ پنجاب، سندھ خیبر پختونخوا ہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اِسی طرح گلگت، سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اسلام آباد، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے ۔
حکام کا کہنا تھا کہ سندھ کے مختلف علاقوں حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، این ای او سی کے مطابق 12 سے 16 مئی تک بالائی علاقوں میں اچانک سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے ،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سطح پر سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے،چترال میں دریائے چترال اور اس کے معاون ندی نالوں بیرر گول، اچولگاہ گول اور میرکھانی کے مقامات پراچانک سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
سوات، دیر، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، طورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور مالاکنڈ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، داریل، تانگیر، دیامراور سکردو میں مقامی سیلابی صورتِ حال کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی اور باغ میں اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے، عوام شدید موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کمزورتنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور غیر مستحکم ڈھلوانوں کے قریب کیمپنگ سے گریز کی ہدایت کردی، ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ہنگامی انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم نے مزید کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں ، بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں جب کہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔