پرو ہاکی لیگ: پاکستان کو آخری میچ میں بھی شکست، انگلینڈ نے 7-0 سے روند ڈالا

لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا، قومی ٹیم اپنے آخری میچ میں بھی شکست سے نہ بچ سکی اور انگلینڈ نے اسے یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0 سے ہرا دیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان ایونٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہا اور مسلسل 16 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم 9 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں آخری پوزیشن پر رہی۔

ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم دفاعی اور جارحانہ دونوں شعبوں میں مشکلات کا شکار رہی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 79 گول سکور کیے گئے، قومی ٹیم صرف 22 گول ہی کر سکی۔

مسلسل ناقص نتائج کے باعث پاکستان پہلے ہی ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے اگلے ایڈیشن سے باہر ہو چکا ہے، آخری میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 7-0 کی شکست نے قومی ٹیم کی مہم کا مایوس کن اختتام کر دیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں