متحدہ عرب امارات نے حزب اللہ سے تعلق پر 21 لبنانی افراد کو بلیک لسٹ کردیا
ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے حزب اللہ سے مبینہ تعلقات کے الزام میں 21 لبنانی افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس فیصلے کے تحت 16 لبنانی شہریوں اور 5 متحدہ عرب امارات میں قائم تنظیموں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد اور ادارے ایسے گروہوں کی معاونت میں ملوث تھے جنہیں ’دہشت گرد تنظیمیں‘ قرار دیا گیا ہے۔
یو اے ای کی ریگولیٹری اتھارٹیز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ بلیک لسٹ کیے گئے تمام افراد اور اداروں کے اثاثے 24 گھنٹوں کے اندر منجمد کیے جائیں اور ضروری قانونی اقدامات مکمل کیے جائیں۔
اماراتی حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ملکی سلامتی کو یقینی بنانا اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنا ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے بلیک لسٹ کیے گئے افراد اور اداروں کی مکمل تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں لبنانی کمیونٹی کی بڑی تعداد مقیم ہے، جبکہ حالیہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے دوران یو اے ای کو ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔
مبصرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے باعث خلیجی ممالک حساس تنظیموں اور ان سے منسلک نیٹ ورکس کے خلاف مزید سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یو اے ای کا یہ اقدام خطے میں جاری کشیدگی اور ایران سے وابستہ گروہوں کے خلاف بڑھتے ہوئے دباؤ کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔