میٹا اے آئی کا صارفین کی نجی گفتگو خفیہ رکھنے کیلئے نیا فیچر متعارف

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت کے ساتھ حساس موضوعات پر گفتگو کو محفوظ بنانے کے لیے ایک نیا فیچر ’انکوگنیٹو چیٹ‘متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اے آئی سے مالی، طبی یا پیشہ ورانہ نوعیت کے نجی سوالات پوچھتے ہیں اور اپنی معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھنا چاہتے ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اینڈ ٹو اینڈ انسکرپشن کی طرز پر بنایا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ آپ کی گفتگو میٹا سمیت کوئی دوسرا شخص نہیں دیکھ سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نازیبا گفتگو کرنے پر میٹا کا ’بے قابو‘ اے آئی چیٹ بوٹ زیرعتاب، انکوائری جاری

میٹا کے مطابق، دیگر ایپس میں موجود انکوگنیٹو موڈز کے برعکس، میٹا اے آئی کی یہ ’انکوگنیٹو چیٹ‘ ٹیکنالوجی کے اس درجے پر ہے جہاں میٹا خود بھی صارفین کے سوالات یا اے آئی کے جوابات تک رسائی نہیں رکھتا۔

یہ سسٹم ’پرائیویٹ پروسیسنگ‘ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس کے تحت پیغامات ایک محفوظ ماحول میں پروسیس ہوتے ہیں اور گفتگو ختم ہونے پر خود بخود غائب ہوجاتے ہیں۔

اس طرح صارفین کو ایک ایسی جگہ فراہم کی گئی ہے جہاں وہ کسی ڈر یا نگرانی کے بغیر اپنے خیالات اور ڈیٹا کا تبادلہ کرسکیں۔

کمپنی نے مزید انکشاف کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں واٹس ایپ پر ’سائیڈ چیٹ‘ کا فیچر بھی متعارف کروایا جائے گا۔ یہ فیچر کسی بھی چلتی ہوئی گفتگو کے دوران پسِ منظر میں نجی طور پر اے آئی سے مدد لینے کی سہولت فراہم کرے گا، تاکہ اصل چیٹ متاثر نہ ہو۔

میٹا کا کہنا ہے کہ ’انکوگنیٹو چیٹ‘ فیچر مرحلہ وار واٹس ایپ اور میٹا اے آئی ایپ پر رول آؤٹ کیا جا رہا ہے، جو عالمی سطح پر صارفین کی پرائیویسی کو ایک نئی جہت عطا کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں