یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا 2 ارب 13 کروڑ روپے کا بجٹ منظور
لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا 2 ارب 13 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا۔
مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی منظوری بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دی گئی، اجلاس کی صدارت فرخندہ وسیم افضل نے کی۔
وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ترقیاتی کاموں کی رپورٹ پیش کی، آئندہ مالی سال کیلئے آمدن کا تخمینہ 4 ارب 40 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔
بجٹ میں امتحانات کے انعقاد کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے، ملازمین اور عملے کی تنخواہوں کی مد میں 92 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
آپریٹنگ اخراجات کے کیلئے 34 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، ریسرچ کی مد میں 9 کروڑ 68 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
سالانہ ترقیاتی منصوبے کیلئے13 کروڑ 33 لاکھ سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے، وظائف کیلئے2 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کمپیوٹر آلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے 3 کروڑ 15 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، ریسرچ کیمیکلز اور لیبارٹری مواد کیلئے 2 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
طلبہ کیلئے مزید ایک بس کی خریداری کیلئے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، یو ایچ ایس کے جناح کیمپس میں مسجد کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے، مرمت اور دیکھ بھال کی مد میں 12 کروڑ 65 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔
اجلاس میں سلیکشن بورڈ کی سفارش پر 22 فیکلٹی پوزیشنز پر نئی بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔
ٹنیور ٹریک پر موجود فیکلٹی ممبرز کی ترقیوں اور یونیورسٹی کے 62 ملازمین اور فیکلٹی ممبرز کے کنٹریکٹ میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی۔