آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کے لیے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں احمد دانیال، عرفات منہاس اور روحیل نذیر قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بابر اعظم، حارث رؤف، نسیم شاہ، شاداب خان اور سفیان مقیم کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کواسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 22, 2026
پی سی بی کے مطابق عثمان خان بیماری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے زیر غور نہیں آئے جبکہ فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث بدستور ری ہیب پروگرام جاری رکھیں گے۔
آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال اور عرفات منہاس شامل ہیں۔
ان کے علاوہ سکواڈ میں بابر اعظم، حارث رؤف، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، نسیم شاہ ، روحیل نذیر ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شامل حسین اور سفیان مقیم بھی آسٹریلیا کے ساتھ 16 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔