عیدالاضحیٰ اطاعت، ایثار، صبر، اخلاص کا عظیم درس دیتی ہے، صدر مملکت، وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد کا پیغام دیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعت، ایثار، صبر اور اخلاص کا عظیم درس دیتی ہے، انسان کی اصل کامیابی مال و دولت، طاقت یا ظاہری شان میں نہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اللہ کے نزدیک محبوب ترین انسان وہ ہے جو لوگوں کو فائدہ پہنچائے، عید کی خوشیاں مستحق، یتیم اور محروم افراد کو شامل کئے بغیر ادھوری ہیں، خاموشی سے مشکلات جھیلنے والے سفید پوش افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ وہ شخص کامل مومن نہیں جو خود پیٹ بھر کر کھائے اور پڑوسی بھوکا ہو، قومی ترقی کیلئے قربانی، برداشت اور دیانت داری ناگزیر ہیں، ہمیں عہد کرنا ہے کہ اختلافات کے باوجود قومی وحدت کو مقدم رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نفرت کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کمزور طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنا قومی ذمہ داری ہے، قانون کا احترام اور ماحول کی صفائی مہذب معاشرے کی علامت ہے، ہر فرد ملک کی امید، مثبت عمل معاشرے میں بڑی تبدیلی لا سکتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مایوسی کے اندھیروں کو علم، خدمت اور اتحاد سے شکست دی جا سکتی ہے، آئیں! قربانی کو ایک دن کی عبادت نہیں بلکہ پورے سال کے طرزعمل میں بدلیں، اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ جذبہ ایثار اور قربانی کی حقیقی روح کو سمجھنے کا پیغام ہے، عیدالاضحیٰ سنت ابراہیمی اور اطاعت الہٰی کی یاد دلاتی ہے۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ اعلیٰ مقصد کیلئے جان اور مفادات کی قربانی ایمان کی معراج ہے، حضرت اسماعیلؑ کی اطاعت ایمان اور وفا کی روشن مثال ہے، قربانی کا جذبہ انسان کو ہمدردی اور احساس ذمہ داری سکھاتا ہے، دہشتگردی کیخلاف اپنی جانیں قربان کرنیوالے شہداء ہمارا قومی فخر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایثار اور اتحاد قوموں کی ترقی اور یکجہتی کا ضامن ہیں، فلسطینی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ ہماری قربانیاں قبول فرمائے اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں