ایران جنگ سے متعلق ٹرمپ نے کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کا غیر معمولی اجلاس بلا لیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ سے متعلق کیمپ ڈیوڈ میں اپنی کابینہ کا غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق عہدے سے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ سمیت تمام کابینہ ارکان کیمپ ڈیوڈ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
میڈیا کے ادارے اور ڈیموکریٹس بالکل پاگل ہو گئے ہیں، ٹرمپ
قبل ازیں ایران جنگ سے متعلق رپورٹنگ اور تنقید پر صدر ٹرمپ میڈیا اور اپوزیشن جماعت کے اراکین پر بھڑک اٹھے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران ہتھیار ڈال دے، یہ تسلیم کر لے کہ اس کی بحریہ سمندر کی تہہ میں جا چکی ہے، فضائیہ ختم ہو چکی ہے اور ایران کی پوری فوج ہتھیار پھینک کر، ہاتھ بلند کرتے ہوئے اور سفید جھنڈے لہراتے ہوئے میں ہتھیار ڈالتا ہوں کے نعرے لگاتی باہر نکل آئے، اگر ایران کی باقی ماندہ قیادت ہتھیار ڈالنے پر دستخط کر کے امریکہ کی عظیم طاقت اور قوت کے سامنے شکست تسلیم کر لے، تب بھی نیویارک ٹائمز، چائنا سٹریٹ جرنل، کرپٹ اور اب غیر متعلقہ سی این این اور دیگر فیک نیوز میڈیا یہ سرخیاں چلائیں گے کہ ایران نے امریکہ کے خلاف شاندار اور تاریخی فتح حاصل کر لی، اور مقابلہ یکطرفہ تھا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹس اور میڈیا مکمل طور پر اپنی راہ بھٹک چکے ہیں، وہ بالکل پاگل ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایران کو افزودہ یورینیم یا تو امریکہ کو دینا ہوگی تاکہ امریکہ میں لا کر اسے تباہ کر دیا جائے یا ترجیحی طور پر ایران کے ساتھ رابطے میں رہ کر کسی اور قابلِ قبول جگہ پر اٹامک انرجی کمیشن یا کسی متوازی ادارے کے ساتھ مل کر تباہ کرنا ہوگی۔