کراچی: نوبیاہتا جوڑے کا قاتل گرفتار، ملزم مقتولہ کا بھائی نکلا

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب کار پر فائرنگ کرکے نوبیاہتا جوڑے کو قتل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے ملیر آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب غیرت کے نام پر بہن اور بہنوئی کو قتل کرنے والے ملزم کو سچل کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا، ملزم ساجد علی نے گزشتہ روز اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر کار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کار میں سوار نادیہ اور اس کا شوہر ناجی اللہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولین نے حال ہی میں پسند کی شادی کی تھی، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ بہن کی گوپانگ نامی شخص سے منگنی ہوئی جس کے عوض اس نے ساڑے 3 لاکھ روپے دیے تھے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ بہن نے حال ہی میں ناجی اللہ سے پسند کی شادی کرلی تھی تاہم گوپانگ رقم کی واپسی کا تقاضہ کر رہا تھا، رقم واپس نہ ملنے پر گوپانگ کی طرف سے بہن کو قتل کرنے کی شرط رکھی گئی تھی تاہم دباؤ کی وجہ سے بہن اور بہنوئی کو قتل کیا، واردات کے وقت گوپانگ موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کے ساتھ ساتھ اس کے دوسرے ساتھی کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں