امریکہ جنگ ہار کر نئی چالیں چل رہا ہے: ایرانی سپریم کمانڈر

تہران :(دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ جنگ ہار کر نئی چالیں چل رہا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ایرانی پارلیمنٹ کے نئے سیشن کے افتتاح کے موقع پر تہران سے جاری اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی عوام میں انتشار کے بیج بونا چاہتا ہے، دشمن ایک کے بعد دوسری سازش رچا رہا ہے۔

ایرانی سپریم کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام قومی اتحاد اور یکجہتی قائم رکھیں، امریکا کو جنگ میں شکست ہوچکی ہے اور اب نئی چالیں چل رہا ہے،امریکہ چاہتا ہے ایرانی قوم میں سماجی تقسیم پیدا کرسکے، جنگ مسلط کرنے، اقتصادی دباؤ ڈالنے اور پروپیگنڈے کے بعد اب دشمن نئے منصوبے بنا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حالیہ حالات میں عوام کے درمیان غیرمعمولی یکجہتی دیکھنے میں آئی ہے اور ملک کے قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کہ دشمن کا اصل منصوبہ اختلافات پیدا کرنا اور معاشرتی تقسیم کو بڑھانا ہے تاکہ فوجی محاذ پر ناکامیوں کا ازالہ کیا جا سکے، پابندیوں، اقتصادی دباؤ اور پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرے میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ایرانی قوم نے مشکل حالات میں اپنی یکجہتی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی عوام کا کردار ایمان، امید اور ایکشن پر مبنی ہے۔

انہوں نے دوست اور دشمن سب پر اپنے اقدامات سے برتری ثابت کردی ہے، ایرانی اراکین پارلیمان عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں، ملک کی تعمیر نو کو ترجیح دیں، خاص طور پر معاشی اور نظام زندگی کے مسائل حل کریں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے پارلیمنٹ کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ قانون ساز ادارہ ترقی کے راستے میں ایک اہم محاذ کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے ارکانِ پارلیمنٹ کو حکومت کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاہم اپنی قانون سازی کی آزادی کو بھی برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی، عوامی مسائل خصوصاً روزگار اور معاشی مشکلات کا حل، پیداوار میں اضافہ، سائنس و صنعت کی ترقی، ثقافتی و اخلاقی بہتری، مالی بدعنوانی کا خاتمہ، مہنگائی میں کمی اور غربت کے مکمل خاتمے جیسے امور پر توجہ دی جانی چاہیے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو ایسے قوانین بنانے چاہئیں جن کا براہ راست تعلق عوامی مسائل اور ملک کی بنیادی ضروریات سے ہو اور جو مستقبل کے لیے امید اور ترقی کا باعث بنیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ قانون ساز ادارہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے ساتھ مل کر قومی اتحاد اور قومی سلامتی کے سائے میں مزاحمتی معیشت کے ہدف پر کام کرے جب کہ اقتصادی استحکام، مہنگائی پر قابو، پیداواری عمل میں بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر نظرِ ثانی کو بھی ترجیح دی جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں