آسٹریلیا کےخلاف ہماری اچھی تیاری، امید ہے بابر بہترین پرفارم کریں گے: شاہین آفریدی
راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کےخلاف ہماری اچھی تیاری ہے، امید ہے بابر اعظم بہترین پر فارم کریں گے۔
پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ کیمپ میں ٹریننگ کافی اچھی رہی ہر کھلاڑی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہماری اچھی تیاری ہے، بابراعظم کی حالیہ کارکردگی بہت اچھی ہے، امید ہے وہ اِسی طرح پرفارم کرتے رہیں گے۔
قومی ون ڈے کرکٹ کے کپتان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا مستقبل کے لیے اہم ہے، رضوان اگر سیریز میں نہیں تواس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کا کیریئر ختم ہو گیا۔
شاہین آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ امید ہےنوجوان کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے، پچ کی کنڈیشن دیکھ کربولنگ اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔