جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں سے 10 لاکھ لبنانی بے گھر ہوئے: نواف سلام
بیروت: (دنیا نیوز) لبنانی وزیرِ اعظم نواف سلام نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیل لبنان پر تقریباً ساڑھے 3 ہزار بار بمباری کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 17 اپریل سے 7 جون کے درمیان اسرائیلی فوج نے 400 سے زائد کنٹرولڈ دھماکے کیے، جبکہ سرحدی علاقوں کے قریب واقع متعدد لبنانی دیہاتوں کو مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔
نواف سلام کا کہنا تھا کہ لبنان جنگ بندی پر قائم رہنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن اسرائیلی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیروت اور صیدا میں پناہ گزینوں کو سنبھالنے کی گنجائش تقریباً ختم ہو چکی ہے، جبکہ اسرائیلی حملوں اور تباہی کے باعث تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
لبنانی وزیرِ اعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ لبنان میں جاری صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔