پاک چین 75 سالہ تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں: عطاء تارڑ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے 75 سال مکمل ہونا دونوں ممالک کے لیے باعثِ مسرت ہے، جبکہ پاک چین تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔

سی پیک کی تعمیر، 75 سالہ پاک چین دوستی اور گلوبل گورننس اقدامات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پاک چین دوستی کا جشن منا رہی ہے اور پاکستان کی قیادت چین کے ساتھ مضبوط اور دیرینہ تعلقات پر مکمل یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی گہرے اور مضبوط روابط موجود ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے گیا، جبکہ صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کی نئی سمت متعین کی۔

انہوں نے کہا سی پیک صدر شی جن پنگ کے ایک خطہ، ایک سڑک اقدام کا اہم جزو ہے اور یہ منصوبہ پاکستان میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، میڈیا تعاون اور ثقافتی تبادلے مسلسل فروغ پا رہے ہیں، جبکہ وفود کے تبادلے بھی باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت میں نوجوان آفیسر کی حیثیت سے میں نے چین کے کئی دورے کئے، جس سے انہیں چینی ترقیاتی ماڈل اور عوامی خدمات کے نظام کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کرے گا اور چین کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں