اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار، لبنان پر حملے میں 8 افراد شہید

بیروت: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) اسرائیل نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے لبنان پر وحشیانہ حملے تیز کر دیئے، مزید 8 لبنانی شہری شہید ہو گئے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے طائر شہر پر فضائی حملے کیے، رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، شہری جبری نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبے شرکیہ میں بھی حملے کیے، کئی افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کی وارننگ جاری کیے جانے کے بعد جنوبی لبنان کے شہر صور میں شہریوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، جس میں سول ڈیفنس کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بے گھر ہونے والے افراد کے لیے قائم پناہ گاہیں اپنی گنجائش پوری کر چکی ہیں اور انہیں مزید متاثرین کی آمد کے باعث دباؤ کا سامنا ہے۔

جنوبی لبنان کے شہر صور کے لیے اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کی گئی انخلا کی وارننگ کو غیرمعمولی اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ پہلی بار اس میں شہر کے مسیحی اکثریتی علاقے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

یہ اقدام اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک واضح پیغام سمجھا جا رہا ہے کہ اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیروت پر مزید حملوں کو محدود کرنے میں کردار ادا کیا ہو، تاہم اسرائیل اب بھی جنوبی لبنان میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب ایران مسلسل یہ مؤقف اختیار کر رہا ہے کہ لبنان میں ہونے والی پیش رفت کا خلیجی خطے میں کسی بھی ممکنہ معاہدے سے براہِ راست تعلق ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں