راولپنڈی: مقامی ہسپتال کی نرس سے گینگ ریپ، ویڈیو بنانے کا مقدمہ درج
راولپنڈی: (دنیا نیوز) مقامی ہسپتال کی نرس سے اجتماعی زیادتی اور ملزمان کی جانب سے ویڈیو بنائے جانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق زیادتی کا مقدمہ تھانہ دھمیال میں متاثرہ نرس کی مدعیت میں درج کیا گیا، گینگ ریپ اور ویڈیو بنانے کا واقعہ فروری میں پیش آیا۔
مقدمہ کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی فروری کے آخری ہفتے پینگلر دربار دعا کرنے گئی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا، دعا کرنے کے دوران 2 مسلح افراد آئے اور پہاڑی کی جانب لے جا کر زیادتی کی، ملزمان نے زیادتی کے دوران ویڈیو بھی بنائی۔
ملزمان نے دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو ویڈیو وائرل کر دی جائے گی، اب ملزمان کی شناخت عاقب گل ویز اور عاشق ریز کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزم عاقب گل ویز نے دو ہفتے قبل بھی فون کرکے ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دی تھی۔