فیروزوالا میں شوہر نے دوسری بیوی کو آگ لگا کر قتل کر دیا

فیروزوالا: (دنیا نیوز) فیروزوالا کے علاقے کوٹ نور شاہ میں پسند کی دوسری شادی کرنے والی خاتون کو مبینہ طور پر آگ لگا کر قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور اس کی پہلی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ تحریم بی بی نے دو سال قبل جہانزیب خان سے پسند کی دوسری شادی کی تھی، جبکہ ملزم کی پہلی بیوی سلمہ سے اس کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم جہانزیب خان نے اپنی پہلی بیوی سلمہ کے ساتھ مل کر تحریم بی بی کو آگ لگا کر قتل کیا، ابتدائی طور پر واقعے کو گیس لیکج کا نتیجہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس تفتیش کے دوران حقائق سامنے آنے پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس نے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے، واقعے کے بعد ملزم جہانزیب خان اور اس کی پہلی بیوی فرار ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم جہانزیب خان بطور اے ایس آئی تھانہ مناواں میں تعینات ہے جبکہ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں