یورپی یونین کا مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری پر اظہار تشویش
برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے مغربی کنارے میں ای ون آبادکاری منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے منصوبے کا ٹینڈر واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے اسرائیل کے ای ون مغربی کنارے کے آبادکاری منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ای ون منصوبے کا ٹینڈر واپس لے، ای ون سمیت مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاریاں بین الاقوامی قانون کے تحت غیرقانونی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت مجوزہ تعمیرات مغربی کنارے کو دو حصوں میں تقسیم اور مشرقی یروشلم کو الگ تھلگ کر دیں گی، جس سے دو ریاستی حل کے قابلِ عمل ہونے کے امکانات مزید متاثر ہوں گے۔
یورپی یونین نے اسرائیلی پراسیکیوٹرز کی جانب سے حالیہ دنوں میں آبادکاروں کے تشدد کے بعض واقعات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات قائم کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔
یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ منصوبے سمیت دیگر تمام یہودی آبادکاری کی توسیعی سرگرمیاں روکے اور آبادکاروں کے تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے عالمی مخالفت کے باوجود مقبوضہ بیت المقدس میں ای ون آبادکاری منصوبے پر کام شروع کردیا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، ناروے اور کینیڈا نے مشترکا بیان میں تعمیراتی ٹینڈرز جاری کرنے کا فیصلہ ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments