ایلون مسک کے دعوے نے ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی بحث چھیڑ دی

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) دنیا کے معروف کاروباری شخصیت اور سپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کے دعوے نے ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی بحث چھیڑ دی۔

 سپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ان کی کمپنی اپنے طویل المدتی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تو اِس کی مالیت پوری زمین کی مجموعی اقتصادی قدر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

اُنہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کہا، "آپ یہ نہیں سمجھ رہے کہ اگر ہم اپنے مقاصد حاصل کر لیتے ہیں تو سپیس ایکس کی مالیت باقی پوری زمین سے زیادہ ہوگی۔"

معروف کاروباری شخصیت نے واضح کیا کہ سپیس ایکس کا بنیادی ہدف انسانوں کو زمین سے باہر مستقل آبادیاں قائم کرنے کے قابل بنانا ہے، اس مقصد کے حصول میں کمپنی کا سٹار شپ پروگرام مرکزی حیثیت رکھتا ہے جسے مستقبل میں چاند اور مریخ پر انسانی مشنز کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ایلون مسک کے اس بیان نے مالیاتی اور ٹیکنالوجی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں خلائی معیشت غیر معمولی رفتار سے ترقی کرتی ہے تو سپیس ایکس دنیا کی طاقتور ترین اور سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی کمپنیوں میں شامل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق مسک کا یہ بیان مستقبل کے امکانات پر مبنی ایک پرجوش پیش گوئی ہے، جس کے عملی حقیقت بننے کا انحصار سپیس ایکس کی طویل المدتی کامیابی، خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی اور عالمی خلائی معیشت کے فروغ پر ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں