وزیراعلیٰ کی وزیر تعلیم کو ہر ہفتے ایک سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر تعلیم رانا سکندر کو ہر ہفتے ایک سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سکول ایجوکیشن پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری سکولوں میں دو سال چار ماہ میں 43 لاکھ طلبہ کی انرولمنٹ کا ہدف پورا کیا گیا ہے جو ماضی قریب کی نسبت سرکاری سکولوں کی سب سے زیادہ حقیقی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ بن گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیف اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار پیف اساتذہ کے اکاؤنٹ کھولے جائیں گے۔

اجلاس میں پی ایس آر پی پر بریفنگ بھی دی گئی ،علاوہ ازیں اختراعی ذرائع آمدن کی امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اختراعی ذرائع آمدن پر جامع پلان طلب کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر تعلیم پنجاب کو پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے ڈیجیٹل میکانزم کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بھر میں ٹیوشن سینٹر کی رجسٹریشن کیلئے تجاویز طلب کر لی، علاوہ ازیں انہوں نے ٹیوشن سینٹر کی ڈیجیٹل میپنگ کیلئے طریقے کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں