جسمانی اور ذہنی صحت کے ہر ٹیسٹ میں مکمل نمبر حاصل کیے: ٹرمپ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں اپنا طبی معائنہ مکمل کیا اور ایک مرتبہ پھر ادراکی ٹیسٹ بھی دیا، جس میں وہ مکمل کامیاب رہے۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ وہ ہر 6 ماہ بعد طبی معائنہ کرواتے ہیں اور اس بار بھی انہوں نے اپنی درخواست پر ایک اور کگنیٹو ٹیسٹ دیا، وہ ایسے واحد امریکی صدر ہیں جنہوں نے یہ ٹیسٹ 3 مرتبہ دیا اور ہر مرتبہ تمام سوالوں کے درست جواب دیے۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی کہ صدر ٹرمپ اپنی مئی 2026 میں ہونے والی طبی جانچ کا حوالہ دے رہے تھے، جس کے بعد سرکاری بیان میں انہیں بہترین صحت کا حامل قرار دیا گیا تھا۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں نیویارک ٹائمز کی صحافی میگی ہیبرمین اور جوناتھن سوان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، دونوں صحافیوں کی نئی کتاب میں وائٹ ہاؤس کے بعض اہلکاروں کی جانب سے ٹرمپ کی عمر، جسمانی توانائی اور صحت سے متعلق خدشات کا ذکر کیا گیا ہے۔
امریکی صدر نے صحافی میگی ہیبرمین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میگی ہیبرمین گزشتہ دس سال سے میرے بارے میں غلط رپورٹنگ کرتی رہی ہیں، ان کی کتاب ایک مذاق ہے، جس کا 90 فیصد حصہ جعلی خبروں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے اپنی ناقص صحافت سے شہرت اور روزگار حاصل کیا، لیکن جب نیویارک ٹائمز کے خلاف ہمارا اربوں ڈالر کا مقدمہ عدالت میں پہنچے گا تو انہیں اس کی قیمت چکانا پڑے گی، اور وہ وقت زیادہ دور نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر تنقید درست ہو تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن جھوٹی رپورٹنگ پر ضرور اعتراض ہے۔ ان کی کتاب کی طرح وہ گزشتہ گیارہ برس سے صرف ایک مقصد کے تحت رپورٹنگ کرتی رہی ہیں کہ ٹرمپ انتخابات ہار جائے، مگر میں آج اوول آفس میں بیٹھا ہوں، اس لیے ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی، میگی ایک ناکام شخصیت ہیں، اگر وہ میرے بارے میں سچ لکھتیں تو شاید کتاب بور ہوتی، لیکن اس میں میری کامیابیوں کا ذکر ضرور ہوتا۔
اسی سالہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ میں منصبِ صدارت سنبھالنے والے معمر ترین صدر ہیں، وہ متعدد مواقع پر اپنی ذہنی صلاحیت کے ٹیسٹ میں مکمل نمبر حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کی ذہنی اور جسمانی حالت منصبِ صدارت کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے مکمل طور پر موزوں ہے۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ بہرحال، میگی کی کتاب مت خریدیں، یہ سراسر کچرا ہے۔