آصفہ بھٹو سے انڈونیشین سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر چندرا وارسینانتو سوکوتجو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے انڈونیشیا کے سفیر کو پاکستان، انڈونیشیا سرمایہ کاری فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔

خاتونِ اول نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی اور امن، ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کیا، انہوں نے انڈونیشیا کے بانی صدر سوکارنو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات میں ویکسین کی تیاری، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے چاول بالخصوص سندھ میں پیدا ہونے والے اعلیٰ معیار کے چاول کی اہم منڈی ہے، زرعی تعاون کے فروغ سے کسانوں اور برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پام آئل اور دیگر زرعی اجناس کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، زراعت، غذائی تحفظ، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

خاتونِ اول نے خاندانی منصوبہ بندی، آبادی کے انتظام، صحت، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ویکسین کی تیاری اور پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

انڈونیشیا کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک دوطرفہ تجارت، زراعت، سرمایہ کاری، صحت اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے، آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی مستقبل میں مزید فروغ پائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...