عتیقہ اوڈھو اقبال کشمیری کو یاد کرکے آبدیدہ
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو ایک ٹی وی پروگرام میں اپنے مرحوم ہدایتکار اقبال کشمیری کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اور ان کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات شیئر کیے۔
عتیقہ اوڈھو حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر، ماضی کی فلموں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ یادوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران جب ان کی فلم کا ایک گانا نشر کیا گیا، جس کی ہدایتکاری مرحوم اقبال کشمیری نے کی تھی، تو اداکارہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، ایسے گانے دیکھ کر انہیں اقبال کشمیری کی بہت یاد آتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اقبال کشمیری کے ساتھ جو ڈر گیا وہ مر گیا اور ممی جیسی فلموں میں کام کیا، اگرچہ فلم ممی تجارتی لحاظ سے زیادہ کامیاب نہیں رہی، تاہم اس کی شوٹنگ سے وابستہ بے شمار خوشگوار یادیں آج بھی ان کے دل میں محفوظ ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران وہ اکثر اقبال کشمیری سے ہنسی مذاق کیا کرتی تھیں، کیونکہ انہیں رقص کرنا نہیں آتا تھا، اقبال کشمیری اداکاری اور فلم سازی سے بے حد محبت کرتے تھے اور انہیں ڈانس سکھانے کے لیے خود ناچ کر دکھاتے تھے تاکہ وہ آسانی سے سیکھ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی اقبال کشمیری کی وفات کا خیال آتا ہے تو انہیں بہت دکھ ہوتا ہے، مرحوم ہدایتکار اپنے کام کے لیے غیرمعمولی جذبہ رکھتے تھے، جبکہ آج کل فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں کام کے بجائے مالی مفادات کو زیادہ اہمیت دی جانے لگی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments