سنگیتا کی معمر رانا کے معاوضے کی رقم سے متعلق وضاحت
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ اور معروف ہدایت کارہ سنگیتا نے اپنی آنے والی فلم مکھو کے لیے اداکار معمر رانا کو ادا کیے جانے والے معاوضے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت پیش کر دی۔
ان دنوں سنگیتا فلم مکھو کی ہدایت کاری کر رہی ہیں، جس میں صائمہ، معمر رانا، میرا اور لیلیٰ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
چند روز قبل گلوکار ذیشان روکھڑی، جنہیں ابتداء میں فلم مکھو کی پیشکش کی گئی تھی، انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سنگیتا معمر رانا کا استحصال کر رہی ہیں اور انہیں فلم کے لیے صرف 5 لاکھ روپے ادا کیے جا رہے ہیں، تاہم اب ہدایت کارہ نے اس حوالے سے وضاحت دے دی۔
ایک انٹرویو میں سنگیتا نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک بات واضح کرنا چاہتی ہوں کہ معمر رانا میرے بیٹے کی طرح ہیں، میں انہیں 1 روپیہ دوں، 1 لاکھ روپے دوں یا 10 لاکھ روپے یہ میرا اختیار ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے ان سے فی دن 5 لاکھ روپے معاوضے پر اتفاق کیا تھا، جبکہ فلم کی شوٹنگ مجموعی طور پر 8 دن جاری رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح اداکار 8 دن کے لیے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معمر رانا کوئی عام اداکار نہیں ہیں بلکہ انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو سب سے زیادہ کامیاب فلمیں دی ہیں، فلم چوڑیاں ایک سُپر ہٹ فلم تھی اور مجھے امید ہے کہ مکھو سے ان کی شاندار واپسی ہو گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments